اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزراء نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کو اداروں کو تباہ کرکے جمہوریت کی صف لپیٹنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائیگی ٗ عمران خان جاتی امراء جانے کی دھمکیاں نہ دیں ورنہ عوام بنی گالا بھی جائینگے، آئین و قانون ہر شہری پر یکساں لاگو ہے، عمران خان ہمارے مینڈیٹ کی توہین نہ کریں، عوام کی رائے کا احترام کرنا سیکھیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان ٗ وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن، ارکان قومی اسمبلی دانیال عزیز اور میاں عبدالمنان نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے صحافیوں کو بتایا کہ عمران خان کے خلاف مسلم لیگ کی طرف سے دائر کیا گیا ایک ریفرنس منظور ہو گیا ہے جبکہ ایک مسترد کر دیا گیا ہے۔ پانی و بجلی کے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا۔
عمران کو ادارے تباہ، جمہوریت کی صف لپیٹنے کی اجازت نہیں دی جائیگی: وفاقی وزراء
Sep 06, 2016