الیکشن کمشن میں کل الیکٹرانک اور بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کا عملی مظاہرہ ہوگا

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمشن آف پاکستان میں کل (بدھ کو) عام انتخابات کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا عملی مظاہرہ ہو گا۔ خبررساں ادارے کے مطابق عام انتخابات کے ووٹنگ کے عمل میں بائیومیٹرک کے استعمال کا مظاہرہ دیکھنے کے لئے وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کی سربراہی میں انتخابی اصلاحات کی سب کمیٹی کے ارکان کل الیکشن کمشن آف پاکستان کا دورہ کرینگے۔ یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ کئی برسوں سے عام انتخابات بائیومیٹرک سسٹم کی بنیاد پر منعقد کرنے کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کی تجاویز کے تحت سفارشات پر غور جاری ہے۔ کل الیکشن کمشن میں پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی سب کمیٹی کا اجلاس بھی ہو گا۔ کمیٹی ارکان کے سامنے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کا عملی تجربہ کیا جائے گا۔ اس ضمن میں آن لائن ووٹر کی تصدیق الیکٹرانک مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ بائیومیٹرک مشین میں ووٹر کا ڈیٹا بمعہ تصویر سامنے آ جائے گا جبکہ الیکٹرانک مشین پر وہ پسند کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کے لئے نشان لگا دے گا۔
الیکٹرانک ووٹنگ/مظاہرہ

ای پیپر دی نیشن