وزیراعظم ہائوس میں یونیورسٹی بنانے کا کام جاری ہے:فیصل جاوید

Sep 06, 2018

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )سینٹ کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے عمران خان لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر دکھائیں گے، عمران خان عوام کے پیسے کی رکھوالی کریں گے اور پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے، پیسہ عوام پر ہی لگے گا، حکمرانوں نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی ہے، ہمار ا ملک انسانی ترقی میں 147نمبر پر چلا گیا ہے۔ پریس کا نفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت دوبارہ واپس آئی ہے، مرکز میں بھی ایسا ہی ہو گا،پچھلے دس سال میں اپوزیشن کو جو کردار ادا کر نا تھا وہ نہیں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں سادگی مہم کا آغاز کیا تھا، پاکستان اس بات کا متحمل نہیں ہو سکتا کہ حکمران عیاشی کریں اور سادگی نہ اپنائیں، سادگی اپنانا ضروری ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم ہائوس اور اسلام آباد میں قائم پنجاب ہائوس کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں، فیصل جاوید نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم اس وزیر اعظم ہائوس میں نہیں رہیں گے، کس طرح ہمارے حکمران عوام کے پیسے پر عیاشیاں کر رہے تھے، وزیر اعظم ہائوس 11سو کنال پر مشتمل ہے، پنجاب ہائوس اس سے بھی زیادہ عالیشان ہے، خادم اعلیٰ یہ خدمت کر رہے تھے عوام کی؟ فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خا ن نے فیصلہ کیا کہ وہ ملٹری سیکرٹری کے گھر میں رہیں گے جو چارکنال سے بھی کم جگہ ہے، جس میں تین کمرے ہیں اور سادہ ترین جگہ ہے، حکمرانوں پر عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے تو ملک آگے جاتا ہے، پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جو سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں۔ وزیر عظم ہائوس میں یونیورسٹی بنانے کے حوالے سے کام جاری ہے۔ میڈیا ہماری غلطیوں کی نشاندہی ضرور کرے۔ سوشل میڈیا پر صحافیوں کے لئے غلط زبان کے استعمال کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سارے صحافی ہمارے لئے قابل احترام ہیں، وہ تنقید ہماری بہتری کے لئے کرتے ہیں، ہمارے آفیشل سوشل میڈیا سے اس طرح نہیں ہوتا لیکن تحریک انصاف کے سپورٹرز اپنے جذبات پرقابو رکھیں اور اس طرح کی زبان استعمال نہ کریں۔ وہ عمران خان کے ہمدرد ہیں تو صحافیوں سے ایسا نہ کریں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے کہا گاڑیوں کی نیلامی کے لئے 8کروڑ کے اشتہار نہیں دیئے گئے۔

مزیدخبریں