لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے رشتہ داروں میں لڑائی کی وجہ سے سیشن کورٹ کا احاطہ میدان جنگ بن گیا، مارکٹائی کے باعث 4افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا کہ پسند کی شادی کرنے والا دولہا شوکت علی ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا کی عدالت میں جانے لگا تو دلہن کے رشتہ داروں نے عدالت کے باہر اسے گھیر لیا جس پر فریقین میںمار پیٹ شروع ہو گئی۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے احاطہ عدالت میں ہی لڑکے کی دھلائی کر ڈالی۔ دلہن اقرا کے والدین نے دولہا شوکت کیخلاف لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کروایا جس پر وہ ضمانت کرانے عدالت پہنچا تو لڑکی کے لواحقین نے شوکت سمیت اسکے دیگر ساتھیوں کو پکڑ لیا۔ دونوںگروپوں کے افراد نے ایک دوسرے پر گھونسوں کی بارش کر ڈالی تصادم کا یہ سلسلہ پندرہ سے بیس منٹ تک جاری رہا جس پر عدالتی سکیورٹی اہلکاروں اور وکلانے مداخلت کر کے دونوںگروپوں کو ایک دوسرے سے الگ کیا جبکہ پولیس نے دونوںگروپوں کے افراد حراست میں لیکر تھانہ اسلام پورہ بند کردیا۔ تصادم کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ شوکت اپنی ضمانت کروانے عدالت پہنچا ہی تھا کہ مدعی پارٹی کے ہتھے چڑھ گیا جنہوں نے اسے خوب تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس واقعہ کے دوران پولیس اہلکار دور دور تک موجود نہ تھے اور وکلا نے دونوں پارٹیوں کو جھگڑے سے بچایا۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے آ کر فریقین کے لوگوں کو پکڑ کر حولات میں بند کر دیا۔ ملزم شوکت کے خلاف تھانہ راوی ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا جس کے حوالے سے وہ ضمانت کروانے سیشن کورٹ آیا تھا۔