ملاوٹ مافیا کی طرف سے شہروں میں ہونے والی کاروائیوں سے بچنے کے لیے گاؤں اور قصبوں کا رخ کرنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے فیلڈ آپریشنز کا دائرہ کارقصبوں اور گاؤں تک پھیلانے کا حکم جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے خصوصی اجلاس کی صدارت کے بعد آپریشن ونگ کو کاروائیاں گاؤن کی سطح تک پھیلانے کی ہدایت کر تے ہو ئے ملاوٹ مافیا کا صوبے کے ہر کونے میں پیچھا کرنے کی ہدایا ت جاری کی ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رافیعہ حید ر نے فیلڈ دفاتر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ بلاول ابڑو، ساؤتھ 1 سعید لغاری، ساؤتھ 2 شہزاد مگسی اور دائریکٹر ویجیلنس ندیم انور بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اے ڈی جی آپریشنزاور ریجنل ڈائریکٹرز کوآپریشنز ونگ کی بریفنگ کے بعد ہدایت کی کہ ملاوٹ مافیا کے ہر سطح سے خاتمے اور مکمل سرکوبی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کیا جائے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شہروں میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیوں کے بعد مافیا نے قصبوں اور گاؤں کا رخ کر لیا ہے۔تمام ریجنز میں کاروائیوں کے تناسب اور قوانین پر عمل درآمد کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروائیوں کی پالیسی مرتب کی جائے۔ جس علاقے میں خلاف ورزی ذیادہ ہو اسے ریڈ زون مارک کر کے کاروائیوں میں اضافہ کیا جائے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ویجیلنس اور سپیشل آپریشن ٹیموں کی مدد سے پروڈکشن ہاؤسزکی خاص طور پرکڑی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری کو ٹھیک کرلیں تو صارف تک محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا آسان ہو جائے گا۔خوراک کے کاروبار سے منسلک تمام مقامات کو جلد سے جلد لائسنسنگ کے دائرہ کار میں لایا جائے۔
ملاوٹ مافیا کا ہر کونے میں پیچھا ، فوڈ اتھارٹی آپریشنز قصبوں اور گاؤں تک پھیلانے کا حکم
Sep 06, 2018 | 21:12