اے ٹی ایم سے رقم چرانے والے کی زیرحراست ہلاکت، جوڈیشل کمشن کیلئے وزیراعلیٰ کی درخواست: ڈی پی او رحیم یار خان فارغ

لاہور (کلچرل رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار نے رحیم یار خان میں زیر حراست ملزم صلاح الدین کی پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہونے کے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر عدالتی کمشن کی تشکیل کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے تحریری طور پر استدعا کر دی گئی ہے تا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے صلاح الدین کی موت کے حقائق منظر عام پر آسکیں۔ وزیر اعلی نے یہ فیصلہ افسوسناک واقعہ کے بارے میں پولیس تحقیقات میں نئے شواہد سامنے آنے کے بعد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمشن کے فیصلے سے عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور واقعہ کے ذمہ داروں کو قانو ن کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جا سکے گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگزاجازت نہیں۔ وزیر اعلی نے کہاکہ کسی بھی شخص سے غیر انسانی سلوک کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس حراست میں حالیہ ہلاکتوں کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ میں حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے ڈی پی او رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹاکر او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ عثمان بزدارنے راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اور ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر انتظامی افسروں کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکاء سے استفسار کیا کہ ایس او پیز ہونے کے باوجود ڈینگی کے مرض کا بروقت تدارک کیوں نہیں کیا گیا؟ ہر سال ڈینگی سے بچائو کیلئے اقدامات کئے جاتے تھے، اب غفلت کیوں ہوئی ؟جہاں تاخیر اور غفلت ہوئی ہے، اس کی انکوائری ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ افسوس ہے کہ انتظامی افسران نے بروقت اقدامات نہیں کئے۔ ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ سے کام نہیں چلے گا۔ میرے عوام ڈینگی کا شکار ہوں اور افسر دفتر میں بیٹھے رہیں، ناقابل برداشت ہے۔ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے گی، غفلت کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا۔ ہم نے کام کرنا ہے اور کام کرنے والوں کو ساتھ رکھیں گے۔ جو افسر پرفارم نہیں کرے گا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں ہوگا۔ لاہور میں ڈینگی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا جائے۔ عثمان بزدار نے یوم عاشور پر سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہسپتالوں کی انتظامی حالت بہتر بنانے کیلئے ’’پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز آرڈیننس‘‘ پہلے مرحلے میں 6 میڈیکل یونیورسٹیز میں نافذ کیاگیا ہے اور ان اصلاحات سے ہسپتالوں کا نظام بہتر ہوگا ،فیصلہ سازی کا عمل تیز ہوگا، پروفیشنلز کو بہتر ٹریننگ اورعوام کو بہتر علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ افواہوں کے برعکس ہسپتال اور عملہ بدستور سرکاری ہی رہیں گے اور حکومت پہلے کی طرح ہی مفت علاج کی سہولتوں کیلئے بجٹ فراہم کرتی رہے گی۔ عثمان بزدار کہا ہے کہ6 ستمبر 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور تاریخ ساز باب ہے۔ پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاک افواج کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی جنگ میں بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو کبھی مایوس نہیں کریںگے۔بھارت جان لے کہ کشمیر کی آزادی زیادہ دورنہیں ۔ عثمان بزدار نے سابق ایم پی اے پروین سکندر گل کے قتل کے واقعہ پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ شکایت سیل کے چیئرمین زبیر خان نیازی کے والد اور معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب نے پشاور جاکر وزیراعلیٰ خیبرپی کے محمود خان سے ملاقات کی۔ اور ان کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب نے گورنر خیبرپی کے شاہ فرمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی صورتحال اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...