حکومت انجام کو پہنچنے والی ہے، کبھی ڈیل نہیں ہوگی قانونی جنگ لڑونگا: نواز شریف، شہباز کی ملاقات

Sep 06, 2019

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کبھی ڈیل نہیں کروں گا بلکہ قانونی جنگ لڑوں گا اور ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں۔ سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی، شہباز شریف کی 13 اگست کے بعد نواز شریف سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ممکنہ ڈیل کی خبروں پر شہباز شریف اور نواز شریف میں مکالمہ بھی ہوا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ میں کبھی بھی ڈیل نہیں کروں گا، قانونی جنگ لڑوں گا، ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں، موجودہ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے۔ جب کہ ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے بہت جلد عوام سے این آر او مانگیں گے، عوام عمران خان اور ان کی کابینہ کا احتساب کرے گی۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پر دنیا کو جاگنا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کر رہا ہے، دنیا آگے بڑھ کر اس مسئلے کو حل کرائے۔ اس موقع پر نواز شریف نے شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمن کے اسلام آباد کے لاک ڈائون میں بھرپور شرکت کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں