6 ستمبر …یوم دفاع آزادی پاکستان

Sep 06, 2019

خورشید احمد

آج 6 ستمبر کو پاکستان کے 22 کروڑ عوام یوم دفاع پاکستان مناتے ہوئے اپنے اْن قومی ہیروز اور بہادر افواج کی شہادت اور بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے ماہ ستمبر میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے پاکستان پر قبضے کے ارادے کو خاک میں ملا دیا۔ اْس وقت بھارتی افواج اور بھارتی حکمرانوں نے یہ منصوبہ تیار کر رکھا تھا کہ وہ لاہور پر قبضہ کر کے لاہور جمخانہ کلب میں رات کو فتح کا جشن منائیں گے لیکن لاہور میں میجر عزیز بھٹی کی قیادت میں بہادر افواج کے جیالوں نے اپنی جانوں کو قربان کر کے ان کے حملہ کوناکام بنادیا۔ اسی طرح بھارت نے چونڈہ محاذ میں اپنی افواج کے ساتھ حملہ کر کے قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستان کی بہادر افواج کے جوانوں نے اپنی چھاتی پر بم باندھ کر ان کے درجنوں ٹینکوں کو اڑا دیا اور ان کے حملہ کو اپنی عظیم قربانیوں سے ناکام بنا دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بہادر فضائی افواج نے ائیر مارشل نور خان کی قیادت میں بھارت کے ہوائی اڈوں پر بیمثال دلیری سے پرواز کرتے ہوئے ان کے لڑاکا جہازوں کو پاکستان پر حملہ کرنے سے قبل ہی نیست و نابود کر دیا۔ہم 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقعہ پر اپنے ان قومی ہیروں کی قربانیوں اور عظیم بہادری کا کردار سرانجام دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس روز افواج پاکستان کی بے مثال شجاعت اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ تمام قوم یک جاں ہو کر دفاع پاکستان کے لئے اپنی فوج کی سپلائی لائن بحال رکھی۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے مالی و دیگر مدد مہیا کر کے اپنی بہادر افواج کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کا ثبوت دیا۔ محنت کشوں نے ٹیلی فون، ریلوے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کودن رات کام کرتے ہوئے بحال رکھا اور جنگ سے متاثرہ علاقوں پر دن رات مجاہدانہ طور پر خدمات سرانجام دیں۔
آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یاد رکھیں کہ آزادی کی حفاظت اللہ پر بھروسہ اور اپنے وطن عزیز سے محبت ا ور دفاع وطن کی قربانی کے جذبہ سے ہوتی ہے لیکن قومی آزادی کی حفاظت کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ موجودہ نئی منتخب حکومت اپنے وطن عزیز کی اقتصادی و سماجی ترقی کے لئے اس میں غربت، جہالت ، بے روزگاری دور کرتے ہوئے قومی وسائل عیش و آرام پرضیاع ہونے کی بجائے پاکستان کو ہر لحاظ سے خودکفیل فلاحی مملکت جلد از جلد قائم کریں۔ قومی اتحاد کو دہشت گردی اور مذہبی فرقہ بندی کی قوتوں کو ناکام کرتے ہوئے مضبوط کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں ان مقاصد میں کامیاب فرمائے۔ آمین!

مزیدخبریں