1965 کے شہداء نے دشمن کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملایا، اسد قیصر، قاسم سوری

Sep 06, 2019

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے یوم دفاع کے موقع پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سرحدوں کا دفاع اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے جو قربانیاں پیش کیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پاک افواج پر فخر ہے۔اسپیکر اسد قیصر نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک افواج کی موجودگی میں دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوی دیوار کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ سپیکر نے مزید کہا کہ آج کا دن ہمیں ان شہدا ء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ میں ہمت اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملایا۔اسپیکر نے کہا کہ ہماری مسئلہ افواج اپنے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہ ہماری افواج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اْس کی پوری دنیا معترف ہے۔اسپیکر و ڈپٹی سپیکر نے کسی بھی قربانی سے دریغ نا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم مادر وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے اور اس کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینگے۔ انہوں نے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ہندستانی افواج کے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتی ہے اورپوری قوم اپنے کشمیر ی بہین بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اُن کی حق خودارادیت کی تحریک کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 72سالوں سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اْس کا خاتمہ انتہائی قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارت کے مذموم عزائم کو جان چکی اور اس کے خلاف دنیا آواز اْٹھار رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے غیر متزلزل موقف کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیر عوام کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ یوم دفاع قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے جو1965 کی جنگ میں پاکستان کے جوانوں نے وطن کے لیے لڑتے ہوے پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی جب مشکل وقت آن پڑا تو پوری قوم1965 کی جنگ کی طرح اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کرے گی۔

مزیدخبریں