اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج کا دن ہم وطنوں کی جانب سے اپنے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اور آج پاکستان کا ہر فرد اپنے محلے اور اپنے علاقے میں موجود شہداء کے اہلخانہ کو اُن کی لازوال قربانیوں پر سلام پیش کرے گا۔ یوم دفاع کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ان ہی شہداء کی قربانیوں سے آج پاکستان محفوظ ہے اور دہشت گردی کی صورت میں دُشمن کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی شہداء کے جذبہ حب الوطنی اور قربانیوں کے باعث بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا اور اسے معلوم ہے کہ پاکستان کے نہ صرف سیکورٹی اداروں کے نوجوان بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ شہادت کے جذبہ سے سرشار ہے اور مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس جذبہ اور ہمت سے سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے گذشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا مقابلہ کرکے اس کو جڑ سے اکھاڑا ہے اس کی تاریخ میںمثال نہیں ملتی۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی قسم کی بھی جارحیت سے پہلے یہ سوچ لینا چاہئے کہ ہم جذبہ ایمانی سے سرشار وہ قوم ہیں جن کے سامنے اپنے ایمان اور اپنی سرزمین کی حفاظت سے بالاتر کوئی چیز نہیں ہے اور ان کی حفاظت کیلئے ہم آخری حد تک جانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جس طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے یہ کسی صورت میں اُن کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کا حصول کشمیری نوجوانوں کے خون کا حصہ بن چکا ہے اور جوں ہی مقبوضہ وادی سے قابل مذمت کرفیو کا خاتمہ ہو گا تو پوری وادی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے نعروں اور تحریک سے گونج اٹھے گی۔
چھ ستمبر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے: علی امین خان گنڈا پور
Sep 06, 2019