وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ جب مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں تو کیا بین الاقوامی برادری کی انسانیت مر چکی ہے۔
مختلف ٹوئیٹ پیغامات میں انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے فسطائیت اور ہندو بالادستی کے عزائم اور مقبوضہ کشمیر اور بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کی نسل کشی کا ایجنڈا پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کے قوانین سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف وزیوں کا نوٹس لیاجائے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر خاموشی پر سوال اٹھایا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت ہے ' بنیادی ضروریات کی فراہمی محدود ہوچکی ہے جبکہ مواصلاتی بندش سے کشمیریوں کی آواز کو بیرون دنیا اور ان کے خاندانوں تک پہنچنے سے محروم کر دیاگیا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ بھارتی فورسزنے محاصرے کے دوران پیلٹ گن سے کشمیری مردوں ، خواتین اوربچوں کو شہیداورزخمی کردیا۔ انہوں نے کہاکہ مردوں کو گھروں سے دور لے جاکرمختلف بھارتی جیلوں میں قید کردیاگیاہے۔