وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا یوم دفاع کے موقع پر کہنا ہے کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کی قربانیوں کو سلام پیش کررہی ہے۔ یوم دفاع پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کاا ظہار کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاک دھرتی کے دفاع کیلئے اپنا قیمتی لہو دینے والے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا افتخار ہیں۔ چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور تاریخ ساز باب ہے۔ پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اور اتحاد کا عملی ثبوت دیا تھا آج پھر اسی قومی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کاشکار کشمیری شہداء کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
عثمان بزدار نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا