یوم دفاع پر وفاقی وزرا اور اہم سیاسی شخصیات کی شہداء کے گھروں پر آمد، لواحقین کو سلام پیش کیا۔
یوم دفاع پاکستان پر وفاقی وزرا نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے، کیپٹن جنید عرفان نے شمالی وزیرستان میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں کیپٹن جنید عرفان کے گھر پہنچے جنہوں نے شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے، کیپٹن جنید عرفان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 6 ستمبر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو یا د رکھنے کا دن ہے، شہیدوں کی قربانیوں کے باعث ہم پُرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی رہائش گاہ پراُن کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ یوم دفاع و شہداء پر شہید محمد تیمور اسلم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کیپٹن محمد الحسنین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل میں بہادر ی کی تاریخ رقم کرنے پر نشانِ حیدر کا اعزاز دیا گیا تھا۔
یوم دفاع و یوم شہدا پر سابق کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا یوم دفاع تمام پاکستانیوں کے لیے اہم دن ہے، پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کے گھر گیا تھا ، ان کی بہادری اور ہمت کے بارے میں سننا بہترین تجربہ تھا۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان زندہ باد !
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاک فضائیہ کے فلائنگ افسر شہید راشد منہاس کے گھر پہنچے اور شہیدراشد منہاس کے بھائی اور فیملی کیساتھ وقت گزارا۔
اس موقع پر مراد علی شاہ نے شہیدراشدمنہاس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انھوں نےنوجوانی میں شہادت حاصل کی،شہید راشد منہاس کی قربانی ہمیشہ یادرکھی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہید فلائنگ آفیسر کی یادگار تصاویر دیکھیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم ستی شہید کے گھر آمد پر شہید کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، جب تک کشمیریوں کی آزادی کی صبح طلوع نہیں ہوتی پاکستانی عوام، حکومت اور افواج ان کی آواز بلند رکھے گی، جب تک ظلم کی سیاہ رات ختم نہیں ہوتی پاکستانی قوم، حکومت، افواج کشمیریوں کیساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر تابناک تاریخ رقم کی ہے،آج بھی 1965 والے جذبے کی ضرورت ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہداء قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، ان کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف لاہور میں شہید لانس نائیک تیمور اسلم کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے ملاقات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کے نذرانے دینے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یوم دفاع و یوم شہدا 6 ستمبر کو گزشتہ سال کی طرح بھرپور طور پر منائیں گے، ہر شہید کو یاد رکھا جائے اور ہر شہید کے گھر جائیں۔