لندن: 2 خواتین کو قتل کے بعد فریزر میں رکھنے والے مجرم کو عمرقید

Sep 06, 2020

لندن (نوائے وقت رپورٹ)برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی عدالت میں 2 خواتین کو قتل کے بعد اپنے فلیٹ میں فریزر میں رکھنے کا اعتراف کرنے والے باکسر کے نام سے مشہور زاہد یونس کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔گارجین کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ مجرم جنسی زیادتی کے کیسز میں ملوث تھا اور اس نے 2 خواتین کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں فریزر میں رکھی تھیں۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر زاہد یونس کو عمر قید کی سزا سنائی اور قانون کے مطابق انہیں 38 سال تک جیل ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجرم نے دونوں خواتین کو قتل سے پہلے 'انتہائی تشدد' کا نشانہ بنایا۔پولیس کی جانب سے ایک خاتون ہینرٹ سزوکس کی لاش فریزر سے برآمد کی گئی جو تین سال سے وہاں رکھی ہوئی تھی۔34 سالہ ہینرٹ اگست 2016 میں زاہد یونس کے ساتھ رہنے کے لیے شمالی لندن کے علاقے کیننگ میں ان کے فلیٹ میں منتقل ہوئیں اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی تھیں۔دوسری خاتون کی شناخت 38 سالہ مہریکن مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جو جین کے عرف سے جانی جاتی تھیں۔مہریکین مصطفیٰ مئی 2018 میں لاپتہ ہوگئی تھیں اور ان کی لاش 27 اپریل 2019 کو زاہد یونس کے فلیٹ میں فریزر سے برآمد ہوئی تھی۔خیال رہے کہ پولیس نے دونوں خواتین کی لاشیں مجرم کے فلیٹ سے 27 اپریل 2019 کو برآمد کی تھیں۔

مزیدخبریں