کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جناح ہسپتال کراچی کی پرانی او پی ڈی بلڈنگ کی مرکزی لفٹ خراب ہوگئی ہے جس کے باعث مریضوں اور تیمارداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہفتے کو ایک ضعیف خاتون مریضہ کے تیمارداروں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لفٹ کی خرابی کیوجہ سے ضعیف خاتون کے بیڈ کو چار افراد نے اٹھا رکھا ہے، ایک شخص نے آکسیجن سلینڈر اٹھایا ہوا اور پانچ افراد بیڈ کو سیڑھیوں سے اٹھا کر اوپر لے کر جارہے ہیں۔ ویڈیو بنانے والے کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ دیکھیں یہ جناح ہسپتال ہے جس کی لفٹ خراب ہے اور بیچاری بزرگ مریضہ کو سیڑھیوں سے اٹھا کر لے جایا جار ہا ہے، اس ویڈیو کو شیئر کریں اور اس کے خلاف حکومت سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ سخت ایکشن لیں اور اس کو ٹھیک کرائیں۔ جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق حالیہ بارشوں میں جناح ہسپتال کے مختلف شعبوں میں پانی بھر گیا تھا، جس سے بیشتر لفٹس بھی زیرآب آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھیں، لفٹس کی مرمت کا کام جاری ہے جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔