کراچی (کامرس رپورٹر )وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے حکم پرطویل عرصہ سے رکے ہوئے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز ایکسپورٹرز کو ملنا شروع ہوگئے ہیںاوردیگر ایکسپورٹرز کی طرح معروف بزنس مین، چیئرمین دین گروپ اور سرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم منیربھی کئی سال سے زیرالتواء اپنے انکم ٹیکس ریفنڈزکے حصول کیلئے جدوجہد کررہے تھے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو اس سلسلے میں ایک خط لکھا جس پر وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فوری طور پر ایس ایم منیر کو انکم ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کا حکم دیا جس کے بعدایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئریونٹ(ایل ٹی یو) کراچی کی جانب سے ایس ایم منیر کے ادارے کوانکم ٹیکس ریفنڈز کی مد میں22 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے۔ایس ایم منیر نے حکومت کی جانب سے 22کروڑ روپے ریفنڈز کی وصولی پر وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالفیظ شیخ کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی درخواست پر فوری عمل کرتے ہوئے ریفنڈز کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ کئی سال سے ایف بی آرکے پاس ایکسپورٹرز کے ریفنڈزمنجمدتھے لیکن ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں وزیر اعظم اور انکے مشیر خزانہ کو جنہوں نے ایکسپورٹرز کو انکی رقم واپس دلوانے میں اہم کردار ادا کیا،ایکسپورٹرز کو انکا یہ سرمایہ واپس ملنے سے دوبارہ ایکسپورٹ میں لگے گا جس سے ایکسپورٹ میں تیزی آئے گی ۔