وم دفاع آج جوش و جذبے سے منایا جائے گا، آئی ایس پی آر کا ملی نغمہ جاری

Sep 06, 2020

لاہور/ اسلام  آباد ( این این آئی+ آن لائن/ نوائے وقت رپورٹ ) ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان قومی اور ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا جائے گا۔1965 کی جنگ کے 55 سال مکمل ہونے پر یوم دفاع کی خصوصی تیاریاں جاری ہیں۔اس دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔اے پی پی کے مطابق 6ستمبر65کے شہداء اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ’’یوم دفاع و شہداء 2020ء ‘‘ کے نام سے نغمہ جاری کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں کہا یوم دفاع کے موقع پر ’’ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم ‘‘ کے عنوان سے نغمہ جاری کیا گیا ہے جس میں پاک فوج کے شہداء اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔پاکستان نیوی نے یومِ بحریہ پر ریلیز کی جانے والی خصوصی ڈاکیوفلم   "سرخرو" کا پرومو جاری کر دیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے  بتایا 8 ستمبر کو ریلیز ہونے والی ڈاکیوفلم پاک بحریہ کی جانب سے  بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکنے کی کامیاب کارروائی پر مبنی ہے۔ ترجمان نے بتایا 4 مارچ 2019 کو  ہونے والے اس واقعے میں پاکستان بحریہ نے بھارتی بحریہ کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری  بہادرمسلح افواج کی جرأت، عزم صمیم اورایثارو قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 55 سال قبل اس دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیورپاکستانی قوم کے شانہ بشانہ  دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتابلکہ یہ وہ جذبہ، ولولہ اور جرأت و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔بھارت نے 370 اور 35 اے کی شقوں کو ختم کرکے نہ صرف اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کاراج مسلط کر رکھا ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ان اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم سے ہٹانا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کا یوم دفاع کے موقع پر کہنا تھا کہ یوم دفاع مسلح افواج اور قوم کی بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ دفاعی میدان میں ہم خودانحصاری کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔ 1965 والا جذبہ آج بھی قائم ہے۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے قوم کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اوریوم دفاع کے موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،  1965ء میں ہماری بہادر افواج نے ملک کے خلاف بھارت کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔

مزیدخبریں