پاک فوج نے 65ء میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے: فرخ حبیب

Sep 06, 2021

فیصل آباد+اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+خبر نگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و  نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا  ہے کہ 1965ء کی جنگ میں ہماری افواج نے جرات و بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں اور6 ستمبر کو پاکستانی سپوتوں نے اسلحہ اور تعداد میں کمی کے باوجود دشمن کو پسپا کیا اور طاقت کے نشے میں چور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔ فورس اور بری و بحری افواج کے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم 6ستمبر کو اپنے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرے گی۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات  فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے بچے کھچے دہشت گردوں کا خاتمہ کر  کے دم لیں گے۔ فرخ حبیب نے مستونگ روڈ کوئٹہ کے قریب دھماکے کی مذمت کی۔ فرخ حبیب نے  شہید ایف سی جوانوں کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں حکومت آہستہ آہستہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا خود غرض اپوزیشن صرف لوٹی ہوئی دولت اور اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مستقبل میں عوام کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ان کے یہ تاخیری حربے کام نہیں کریں گے۔ فرخ حبیب نے سندھ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ترقی کے نام پر وفاق سے اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود صوبے کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔

مزیدخبریں