لاہور (نیوز رپورٹر) مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے صدر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965ملکی تاریخ کا روشن اور عظیم دن ہے۔ اس دن ہم نے جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کا حق ادا کرکے بھارت کو بتا دیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستانی افواج اور قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ وہ اتوار کے روز مر کز توحید وسنت گرین ٹائون میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل رانا محمد آصف‘ سینئر نائب امیر مولانا محمد عبد اللہ فاروقی‘ مولانا عبدالستار نیازی‘ پروفیسر فیاض احمد سلفی اور میاں محمد اصغر سمیت کارکنان بھی بڑی تعداد میں شر یک ہوئے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اس بات کا عہد کرتے کہ پاکستان کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب افغانستان کی طرح کشمیر بھی بھارت کے مظالم سے آزاد ہوگا۔