نیب بلا تفریق احتساب کر رہا،سزائوں کی شرح66فیصد:جاوید اقبال

Sep 06, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیوروکے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب نے مئوثرحکمت عملی وضع کی جس کے نتیجہ میں موجودہ انتظامیہ کے دور میں اب تک 535  ارب روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گیلانی اینڈگیلپ کے سروے میں 59  فیصد پاکستانی عوام نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ قومی احتساب بیورو قانون کے مطابق نیب بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے فعال حکمت  عملی کی وجہ سے سزاوں کی مجموعی شرح 66 فیصد ہے جو دنیا بھرمیں وائیٹ کالر جرائم کی تحقیقات میں اہم کامیابی ہے۔ دنیا بھر میں مئوقر اداروں جیسے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، عالمی اقتصادی فورم، گلوبل پیس کینیڈا، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کے مثالی کوششوں کو سراہا ہے۔ چیئرمین  نیب نے کہاکہ قومی احتساب بیورو کسی دھمکی اور تنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرے  گا۔ نیب کی انتظامیہ قانون کے مطابق انکوائریز اور تحقیقات کا عمل جاری رکھیں گی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کی تمام صورتوں اور مظاہر کو ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔535  ارب روپے ریکورکر کے قومی خزانہ میں جمع کئے گئے۔ نیب نے کل 179 میگا کرپشن کے کیسز میں 93 کیسز فائل کئے۔ یہ کیسز مختلف احتساب عدالتوں میں چل رہے ہیں۔10 کیسز انکوائری کے مرحلہ میں ہیں۔ اسی طرح کئی میگا کیسز میں تحقیقات ہو رہی ہے۔ چئیرمین نے کہا کہ میگا کرپشن کے کیسوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں