لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک اور کھلی کچہری لگائی۔ وزیر اعلیٰ نے کھلی کچہری میں پنجاب کے پسماندہ علاقو ں کے 200 سے زائد افراد سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو بھی کھلی کچہری میں طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ نے فرداً فرداً ہر ملاقاتی کو اپنے پاس بلا کر مسئلہ سنا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین نے بھی اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے افسران کو عوامی مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ لوگوں نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دعائیں دیں اور کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ آپ کے شکرگزار ہیں کہ ہمارے مسائل سنے اور حل کرنے کیلئے احکامات دیئے۔ یہ ہے نیا پاکستان جہاں عام آدمی کے لئے وزیراعلیٰ آفس کے دروازے کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر رواں دواں ہے اور مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ الزامات لگائے والے پیچھے رہ گئے ہیں۔ نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھتا جائے گا۔ ڈی جی پی آر ثمن رائے نے’’عوامی آگاہی کاؤنٹر‘‘ کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ انعام بٹ کی جیت پر قوم کو ناز ہے۔ گولڈ میڈل جیت کر انعام بٹ نے پاکستان کا نام روشن اور قومی پرچم کو بلند کیا۔ انعام بٹ کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انعام بٹ جیسے نوجوان ہمارا افتخار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستونگ روڈ کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دھماکے میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ عثمان بزدار نے یوم دفاع و شہداء پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر کادن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اورقابل فخر باب ہے۔ پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاک دھرتی کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی خاطر بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں۔ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ دریں اثناء ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں۔ سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ عوام کے مسائل کے حل کے اقدامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خالی باتوں اور پریزنٹیشن کا وقت گزرچکا۔ جومحکمہ کام نہیں کرے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔