اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹاس پر آئی حکومت ٹاس پر چل رہی ہے۔ ٹاس سے عہدے لینے والے بیانات سے ہر روز اپنی نوکریاں بچاتے ہیں۔ اتوار کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی فکر چھوڑیں، آٹا چینی، بجلی، گیس، دوائی کی فکر کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب اینڈ کرائے کے ترجمان عوام کی فکر کریں جو مہنگائی، بے روزگاری کے سمندر میں غوطے کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ آپ ڈالر کی پرواز روکیں جس نے معیشت کی چولیں ہلا دی ہیں۔