سری نگر (کے پی آئی+ اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے احتجاجی کیلنڈر میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی جبر و استبداد کے خلاف آج پیر کے روز مزار شہداء عیدگاہ سرینگر کی طرف مارچ کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کی طرف سے بیان میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حیدر پورہ سرینگر میں واقع ان کی رہائش گاہ کی طرف آج مارچ کیا جائے۔ بیرون ممالک مقیم تارکین وطن کشمیریوں سے کہا گیا ہے احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے کل منگل کے روز بھارتی ہائی کمشنوں کے باہر احتجاج کریں۔ سری نگر اتوار کو بھی سخت پابندیوں کی زد میں رہا۔ سید علی گیلانی کی وفات کے بعد سری نگر میں کرفیو لگا دیا گیا تھا جو بدستور جاری ہے۔ بھارتی فوجیوں نے لاکھوں کشمیریوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے۔ حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کے گھر کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اور خار دار تاریں بچھائی گئی ہیں۔ موبائل‘ انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ اتوار کو مسلسل چوتھے روز بھی وادی میں پابندیاں اور ہڑتال جاری رہنے سے معمولات زندگی متاثر رہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اتوار کو دو افراد مارے گئے۔ مشتاق احمد خان نامی شہری اننت ناگ میں دوران حراست جاں بحق ہو گیا۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے سر پنچ معراج الدین کی نعش اتوار کو رفیع آباد سوپور کے گاؤں لاڈورا میں ایک کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔ دریں اثناء سید علی گیلانی کے بیٹوں ڈاکٹر نعیم گیلانی اور ڈاکٹر نسیم گیلانی نے انٹرویوز میں کہا کہ انہیں اسلامی روایات کے مطابق اپنے والد کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکام نے ان کے والد کی میت کے ساتھ وہی سلوک کیا جو وہ ان کے ساتھ زندگی میں کرتے رہے۔ مفتی اعظم کشمیر مفتی ناصر الاسلام‘ حریت رہنما بلال صدیقی‘ سابق بھارتی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز‘ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداﷲ اور عمر عبداﷲ اور حریت آزاد کشمیر کے رہنما محمد فاروق رحمانی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے بیانات میں سید علی گیلانی کے انتقال کو کشمیری عوام کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ادھر جموں کی ایک خصوصی عدالت میں بھارتی فضائیہ کے چار اہلکاروں کے قتل اور اس وقت کے بھارتی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے اغواء کے 30 سال پرانے مقدمات میں گواہوں سے جرح شروع ہو گئی ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک دیگر ملزموں کے ہمراہ جنہیں دونوں مقدمات میں پھنسایا گیا ہے، دہلی کی تہاڑ جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت میں پیش ہوئے۔ فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم فلسطین اسماعیل حانیہ نے برصغیر کے شیخ احمد یاسین (سید علی گیلانی) کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی صرف کشمیریوں کے لیے نہیں بلکہ فلسطینیوں کے حق میں بھی اٹھنے والی بلند آہنگ و توانا آواز تھے۔ ادھر انسپکٹر جنر آف پولیس وجے کمار نے سرینگر میں ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ سرینگر میں مقیم کچھ صحافی اور چینلز بھی جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں۔