اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے یوم دفاع کے موقع پر پاک افواج کی ملک کے دفاع کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دفاع اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج نے جو قربانیاں پیش کیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ پوری قوم کو پاک افواج پر فخر ہے اور قوم پاک افواج کے ان عظیم جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کیا اور وطن کی عزت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔سپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 1965کے ان عظیم شہدا کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے بھارت کے مذموم عزام کو خاک میں ملا دیا۔ 1965کی پاک بھارت جنگ میں پاک افواج نے جس جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔