راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ انتخابات اس وقت ہو رہے ہیں جب کورونا کے کیسز میں دوبارہ سے اضافہ ہو رہا ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کینٹ بورڈ انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں سرانجام دیں،اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران کے علاوہ تمام متعلقہ حکام موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ کینٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں ڈسپلن قائم رکھا جائے گا اور انتخابی عمل کے دوران بجلی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے 12 ستمبر کو ہونیوالے انتخابی عمل کے دوران تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بھر پور انداز سے سر انجام دیں اور کسی بھی صورت شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہئے۔