متاثرین کومعاوضوں کی عدم ادائیگی سے مقدمات 2 ہزار سے تجاوز کرگئے

Sep 06, 2021

اسلام آباد( وقائع نگار ) وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) کی طرف سے اسلام آباد کے متاثرین کی بحالیات اور معاوضوں کی ادائیگی بند کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں دائر مقدمات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ متاثرین کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 10 اہم منصوبوں پر سی ڈی اے کو کام کرنے سے روکا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے گزشتہ تین سال سے اسلام آباد کے متاثرین جن کی آبائی زمینیں زبردستی ایکوائر کی گئیں ان میں اب تک 20 ہزار متاثرین بحالیات پالیسی کے تحت معاوضوں کے منتظر ہیں گزشتہ تین سال سے سی ڈی اے انتظامیہ نے متاثرین کی بحالیات درخواستوں پر کاروائی روکی ہوئی ہے جس سے اسلام آباد کی عدالتوں پر بوجھ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔ ادھر متاثرین نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر سی ڈی اے کے بیدخلی نوٹسز کو مختلف عدالتوں میں چیلنج کررکھا ہے جس کی وجہ سے سیکٹر C-15، ملپور، پارک انکلیو 2، کری ماڈل ویلیج سمیت دیگر اہم منصوبوں پر حکم امتناع چل رہے ہیں۔

مزیدخبریں