کراچی(وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی ناکام معاشی و سیاسی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک مہنگائی بیروزگاری بدامنی اور بیرونی جارحیت کا شکار ہے، تین سال گزر جانے کے باوجود پی ٹی آئی قیادت عوام کے مسائل حل اور اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ قومی مسائل کے حل کے لیے قومی قیادت کو اعتماد میں لیکر ملک وقوم کی بھتری کے لیے فیصلے کئے جائیں۔کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر خودکش حملہ قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ شاہی، کلانکوٹ کے دورے اور ٹھٹہ میں ضلع بھر کے مقامی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ٹھٹھہ، مکلی، گھارو، جھرک، بیلو، کیمپ، ٹنڈوحافظ ودیگر مقامات کے ذمے داران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی،امیر ضلع الطاف احمد ملاح، قیم عبدالمجید سموں، نائب امراء مولانا عطاء الرحمان بلوچ، غلام شفیع سموں اور سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے،صوبائی امیر نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک دعوتی و انقلابی جماعت ہے جواپنے قیام کے روز اول سے اقامت دین کے لیے کوشاں ہے۔ملک کو بحرانوں سے جماعت اسلامی کی مخلص و خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیاکہ وہ جماعت کی دعوت و پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے وقت و مال سمیت ہر قسم کی قربانی دیں۔قبل ازیں انہوں نے یوسی کلانکوٹ کے مقام خمیسو سموں میں مقامی امیر طیب سموں کے والد کی وفات پر تعزیت مرحوم کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کی۔