ملتان (نمائندہ نوائے وقت)کروناکی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے خوراک اوردیگرضروری اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہواہے۔یہ بات فرمز، پورٹ فولیومینجمنٹ، پراڈکٹ ڈویلپمنٹ اورسرمایہ کاری تعلقات کار کے بین الاقوامی فرم کمپائونڈکیپٹل ایڈوائزرکے چیف ایگزیکٹوآفیسرچارلی بیلیلو نے بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف اشیا کے قیمتوں کے رحجان کے حوالہ سے اپنی ٹویٹ میں کہی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بین الاقوامی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمت میں 87 فیصد اورہیٹنگ آئل کی قیمت میں 82 فیصدکانمایاں اضافہ ہوا۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 80 فیصدسے زائد اضافہ ہوا۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی ) کے تحت خام تیل کی قیمت میں 69 فیصد جبکہ برینٹ کے تحت خام تیل کی قیمت میں 60 فیصد کانمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔