کوہلو ( یوسف مری ) رکن صوبائی اسمبلی و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف میر نصیب اللہ خان مری نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن قومی شہدا سے اظہار یکجہتی کا دن ہے اور یہ ہماری مسلح افواج اور غیور عوام کی جیت کا دن ہے جس میں چھ ستمبر 1965 کو مکار دشمن کو عوامی طاقت سے ناخن چبانے پر مجبور کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنی فوج کے دفاعی صلاحیتوں پر فخر کرتا ہے اور یقین رکھتا ہے کہ پاک فوج ہر محاذ پر سرخرو ہوگی اس قومی دن کو منانے کا مقصد پاکستان کے دفاع اور عسکری طاقت کو مضبوط کرنے کی یاددہانی ہے۔ 6ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخردن ہے جب کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ اپنے چھوٹے سے پڑوسی ملک پر کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں فوجی حملہ کر دیا۔ اس چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن کے جنگی حملہ کا اس پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم خاک میں مل گئے۔