وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر زور دیتے ہوئے انہیں اس سلسلے میں حا ئل رکاوٹیں دُور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
آج(پیر) نتھیا گلی میں ایک بین الاقوامی ہوٹل کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں مواقع کی کمی کی وجہ سے ہمارے ہونہار افراد بیرون ملک جا رہے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت اب انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے سہولیات اور مواقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میں قانون کی بالادستی کے لئے بھر پور جدوجہد کا آغاز کیا ہے جس سے ملک میں مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔انہوں نے صنعتوں کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے پیمانے پر پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔