گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ضلعی امیر تحریک لبیک نصیر احمد ججہ نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم اپنے مسلمان بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے جہاں تک ہو سکا ان کی امداد اور بحالی کیلئے ہم اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تحریک لبیک پاکستان گوجرانوالہ ضلع کے زیر اہتمام اشیائے خوردونوش اور خیمہ جات کے سامان سے بھرے ہوئے 10 ٹرک روانہ کرتے وقت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک لبیک پاکستان ضلع گوجرانوالہ کے زیر اہتمام امدادی سامان برائے سیلاب متاثرین کیلئے 10 ٹرکوں پر مشتمل تقریبا اڑھائی کروڑ مالیت کا سامان جس میں گندم، آٹا، چاول، چارپائی، بستر، خیمے، مچھر دانی اور کھانے پینے کا امدادی سامان آج رات گوجرانوالہ سے گھوٹکی شہر کی جانب روانہ ہوں گی۔ جس کی نگرانی ضلعی امیر نصیر احمد ججہ اور ضلعی ناظم خدمت خلق چوہدری شاہد وڑائچ کریں گے۔