یوم دفاع افواج پاکستان اور ہماری قوم کے جذبے، شجاعت اور قربانی کی علامت ہے۔ یہ ہمیں 6 ستمبر 1965ء کی یادیں تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اس دن افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا اور کامیابی سے اپنے وطن کا دفاع کیا ہم دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کے معترف ہیں اور انہیں شاندار خراج تحسین پیش کر تے ہیں جو دفاع وطن کیلئے پرعزم رہے۔ میرے عزیز ہم وطنو! پاکستان کو اس وقت متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے مناسب حل کیلئے ہمیں اسی جذبہ حب الوطنی اور اتحاد کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہم نے 1965ء میں کیا۔ بلاشبہ، بطور قوم ہماری ایک قابل فخر تاریخ ہے جو ہمارے لئے ہر مشکل گھڑی میں رہنمائی کا باعث ہے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ اپنے شاندار روایات کے عین مطابق ہر موقع پر پورا اترنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے مجھے خوشی ہے کہ پاک فضائیہ وقت کے ساتھ ایک جدید فضائی قوم بن چکی ہے جو بہترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ الحمد للہ، پاک فضائیہ قومی تعمیر کے کاموں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس میں ایروسپیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور کھیل وغیرہ کے شعبے شامل ہیں علاوہ ازیں پاک فضائیہ قدرتی آفات جیسا کہ وبائ، سیلاب اور زلزلوں میں ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کو مدد اور تعاون فراہم کرتی ہے آئیے قومی وقار کے اس دن اپنی کاؤشوں کو پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کی خاطر دو چند کریں ۔اس موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں اور عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ہم حق خود ارادیت کے حصول کی خاطر ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری کاؤشوں کی رہنمائی فرمائے اور ہمیشہ کی طرح قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین!
پاک فضائیہ زندہ باد!
پاکستان پائندہ باد!