سکھر (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سکھر میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا، مسائل سنے اور کہا کہ قدرتی آفت سے آنے والی تباہی افسوس ناک ہے، تحریک انصاف متاثرین کی امداد کیلئے سرگرم ہے، سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں، زرداری کوشکست دیں گے۔ سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے بہت تباہی مچائی، سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا، میری ٹیم مجھے بتائے گی کون سے علاقے میں امداد پہلے پہنچانی ہے، سیلاب متاثرین کے لیے مزید پیسہ اکٹھا کروں گا، جو پیسہ اکٹھا کیا اس میں سے ایک ارب سندھ سیلاب متاثرین پر لگایا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب میرا اللہ ہمیں اگلی باری دے گا تو ڈیمز بنائیں گے، بلوچستان سے چلنے والے نالوں کی وجہ سے تباہی مچی، بلوچستان کے ان نالوں پر چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے، جب بھی پانی کا راستہ روکا جائے گا نقصان ہوگا۔ عمران خان نے تقریب میں بلاول بھٹو کی نقل اتاری، بارش آتا ہے تو پانی زیادہ آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دس ارب درخت لگائیں گے، سندھ کے نوجوان تیار ہوجائیں، وعدہ کرتا ہوں ڈاکو زرداری کو شکست دینی ہے، زرداری نے سندھ میں ظلم کا نظام بنایا ہوا، زرداری کو پیسہ بنانے کی بیماری ہے، یہ سندھ کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتا ہے، اندرون سندھ زرداری مافیا کی چوری کی وجہ سے پیچھے رہ گیا، حلیم عادل شیخ پر ظلم کیا جارہا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بدل چکا اور سیاسی طور پر کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ سیاسی شعور کی حامل اقوام ہی فکر و وجود پر پڑی غلامی کی بیڑیاں توڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران فیصل آباد میں یہ ہمارا دوسرا جلسہ تھا، ہمارا یہ اجتماع پہلے جلسے سے بھی بڑا تھا۔ عمران خان نے ٹوئٹر پر گزشتہ روز فیصل آباد میں ہونے والے جلسے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ عمران خان نے سکھر میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا۔ عمران خان نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کھانے کی ٹیبل پر بیٹھے۔ سیلاب متاثرین نے عمران خان سے عدم سہولیات پر شکایات شروع کر دیں۔ اس دوران شہری نے عمران خان سے سوال کیا کہ جب سکھر ڈوب رہا تھا تو خان صاحب آپ کہاں تھے‘ عمران خان شور میں سوال ان سنا کرکے گاڑی میں سوار ہوکر روانہ ہو گئے۔سکھر میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی استقبالیہ تقریب میں کارکنان لڑ پڑے۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو بھی گردش کررہی ہے جس میں کارکنوں کو ایک دوسرے پر حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ مبینہ طور پر خواتین ورکرز سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر کارکنان میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑائی کے دوران جس کے ہاتھ جو لگا وہ اس نے دوسرے کو دے مارا، کچھ کارکنان بیچ بچاؤ بھی کراتے رہے۔