ڈالر7‘سونا2400روپے تولہ مہنگا سٹاک مارکیٹ 449پوائنٹ گر گئی

Sep 06, 2022


کراچی (کامرس رپورٹر) اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 7 روپے اضافے کیساتھ 232 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ انٹر بنک میں ڈالر کے نرخ 88 پیسے بڑھ کر 219.86 روپے پر بند ہوئے۔ صرافہ بازار میں سونا 2400 روپے تولہ مہنگا ہو گیا۔ ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈکس 449 پوائنٹ گر گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق آئی ایم ایف کے ریویو دستاویز کے تحت مالی سال 2023ء میں ڈالر کی قدر 226روپے تک رہنے کی پیشگوئی اور سیلاب کی وجہ سے معیشت کو درپیش چیلنجز کے باعث ڈالر کے نرخ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث حکومت کو آئی ایم ایف کی مطلوبہ شرائط پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق حکومت کو یکم ستمبر سے گیس ٹیرف میں اضافہ کرنا تھا جو پورا نہ ہوسکا۔ اسی طرح دیگر شرائط بھی پوری ہونا مشکل نظر آرہی ہیں جس کے سبب آئی ایم ایف پروگرام جاری رہنے سے متعلق تشویش پائی جا رہی ہے اور یہی عوامل زر مبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی طلب بڑھا رہے ہیں جس سے ڈالر کی اڑان جاری ہے۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 48 ہزار 100 روپے ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت 2258 روپے بڑھ کر 126972 روپے ہے۔ عالمی بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 1714 ڈالر برقرار ہے۔ ادھر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کا منفی دن رہا‘ 100 انڈیکس 449 پوائنٹس کمی سے 41859 پر بند ہوا۔ بازار میں گزشتہ روز 15 کروڑ 68 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے۔ شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 4 ارب 36 کروڑ روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 ارب  روپے کم ہو کر 6961 ارب روپے ہے۔

مزیدخبریں