عمران کا عسکری قیادت کیخلاف بیان قا بل مذمت،وزیراعظم ، پاک فوج میں شدید غم و غصہ : آئی ایس پی آر 

Sep 06, 2022


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ خبرنگار‘ نامہ نگار) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اداروں کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف نفرت پھیلانے کی عمران نیازی کی انتہائی قابل مذمت مہم ہر روز ایک نئی انتہا کو چھو رہی ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حساس پیشہ ورانہ امور کے بارے میں اور مسلح افواج اور اس کی قیادت کے خلاف اب وہ براہ راست کیچڑ اچھالتے اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر ان کا مذموم ایجنڈا پاکستان میں انتشار پھیلانا اور اسے کمزور کرنا ہے۔ دوسری طرف حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسہ عام میں افواج پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ ورانہ امورکو متنازعہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم سیلاب سے جبکہ نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبا عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہا ہے اور سنگین بہتان تراشی کررہا ہے جس کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا اور عوام کو فوج سے لڑانا ہے اور فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔ آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے اور سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ پیر کو مشترکہ بیان میں حکومتی اتحادی جماعتوں نے کہا کہ پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، اسے کسی فرد واحد کے تکبر، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مسلح افواج ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ دوسری جانب دہشت گردی کے خلاف جرأت و بہادری اور دلیری سے جنگ لڑرہی ہیں جس میں فوج کے افسر اور جوان جام شہادت نوش کررہے ہیں۔ ایک ایسے موقع پر جب پوری قوم دہشت گردی سے نجات، معاشی استحکام، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد اور ایک آواز ہے، ایسے میں ایک تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے جھوٹ، پراپیگنڈے اور بہتان تراشی کے ذریعے مسلسل نفرت پھیلا رہا ہے۔  حکومتی اتحادی جماعتوں کا مکمل اتفاق رائے ہے کہ معیشت کی بحالی سمیت قومی مفادات کے تحفظ، مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاسداری اور عوام بالخصوص سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ سازشی عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے اور ان کے پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔   سابق صدر آصف علی زرداری  نے کہا ہے کہ ہمارے سپاہی سے لیکر پاک فوج کے جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔ عمران خان کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے، آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی مکمل نہیں ہو سکتا۔ ہم اداروں اور جرنیلوں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔ ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔ خیبر  پی کے اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آ رہی ہے۔ خیبر پی کے اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کے خلاف عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو افغانستان‘ لیبیا اور شام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان فوج اور کمانڈروں کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے سے باز رہیں۔ ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران خان معیشت‘ سیاست اور معاشرتی ہم آہنگی کیلئے ان  گائیڈڈ میزائل ہیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اداروں کے ارکان کو حب الوطنی اور غداری کے سرٹیفکیٹ دینا اس نارکسٹ کی پہچان ہے۔ عمران خان پاکستان کو افغانستان‘ لیبیا اور شام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی محب الوطن قومیں عمران خان کو مذموم عزائم میں کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔ مسلح افواج نے ملک کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان کی سلامتی کی کاوشوں میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان  نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت سے باہر آکر پاکستان کے دفاعی فصیل میں دراڑ ڈال رہا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ دو چیزیں کسی بھی ریاست کی بقا کی ضمانت ہوا کرتی ہیں، ایک معیشت اور دوسرا دفاع، انہوں نے کہا کہ عمران خان  حکومت میں تھا تو پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کر دیا۔ عمران خان اب حکومت سے باہر آکر پاکستان کے دفاعی فصیل میں دراڑ ڈال رہا ہے۔ اس کے پاکستان توڑنے کے ایجنڈے کو ہم12سال سے طشت ازبام کرتے چلے آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ’’بنے گی اس طرح تصویرِ جاناں ھم نہ کہتے تھے‘‘۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج نے آئین کی پاسداری کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر پاک فوج میں شدید غم و غصہ ہے، پاک فوج کی اعلی قیادت کو ایک ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب یہ ادارہ آئے روز پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانیں دے رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان آرمی فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر برہم ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاک فوج کی اعلی قیادت کو ایک ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب یہ ادارہ آئے روز پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانیں دے رہا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کی تقرری جس کے لئے آئین میں طریقہ کار اچھی طرح بیان کیا گیا ہے، کو متنازعہ بنانے والے سینئر سیاستدان کا یہ عمل انتہائی افسوس ناک اور مایوس کن ہے۔ فوج کی اعلیٰ قیادت نے اپنی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو کسی شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے کے لیے دہائیوں پر محیط شاندار خدمات انجام دیں۔ پاک فوج کی سینئر قیادت پر سیاست کرنا اور آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کو سکینڈلائز کرنا نہ تو ریاست پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ادارے کے مفاد میں ہے۔ پاک فوج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی پاسداری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ 

مزیدخبریں