اسلام آباد‘ حیدرآباد‘ بدین (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) ملک بھر میں بارش اور سیلاب کے باعث مزید 24 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ادھر منچھر جھیل میں پانی کا دبائو برقرار ہے اور صورتحال کے پیش نظر دو نئے کٹ لگائے جا رہے ہیں۔ لوگوں کو انخلاء کی ہدایت کی گئی ہے۔ قبل ازیں لگائے کٹوں کا پانی شہباز ایئرپورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری طرف مخدوش حالات کی وجہ سے بدین کی 80 فیصد آبادی نقل مکانی پر مجبور ہے۔ تفصیل کے مطابق این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تازہ رپورٹ جاری کردی۔ این ڈی ایم کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث مزید 24 افراد دم توڑ گئے۔ سندھ میں مزید 19 افراد جاں بحق ہوئے۔ خیبرپی کے میں 3 اور بلوچستان میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 115افراد زخمی ہوئے۔ ملک بھر میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی کل تعداد ایک ہزار 314 تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں 511، خیبرپختونخوا میں289 ، بلوچستان 260 اور پنجاب میں 189 افراد مارے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان 22 اور آزاد کشمیر میں 42 اموات ہوئی ہیں۔ اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 703 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں 80 اضلاع میں بارشوں اور سیلاب سے املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہو ئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق منچھر جھیل کے آرڈی 50 اور 52 دو نئے کٹ لگائے گئے ہیں۔ منچھر جھیل کے آرڈی 14 اور 15 پر 2 روز پہلے ہی کٹ لگایا گیا تھا۔ سیلابی پانی سے بچائو کے پیش نظر سیہون کی 5 یونین کونسلوں میں آبادی کا انخلاء جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے اپیل کی ہے کہ اعلان کردہ علاقے سے لوگ فوری طورپر نقل مکانی کر جائیں۔ دوسری جانب منچھر جھیل کے حفاظتی پشتوں پر دبائو کم کرنے کیلئے لگائے گئے کٹ کی وجہ سے سینکڑوں دیہات اور سڑکیں زیرآب آگئی ہیں اور پانی سیہون ایئرپورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ جھیل کا پانی ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے سے بھی ٹکرانے لگا ہے۔ وزیرآبپاشی سندھ جام خان شورو نے بتایا کہ ایک روز پہلے کٹ لگانے کے باوجود جھیل کی سطح میں کمی نہیں آسکی۔ مزید کٹ لگانے سے دادو‘ خیرپور ناتھن شاہ‘ میہڑ سے پانی کا دبائو کم ہوگا۔ بدین میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ 80 فیصد آبادی متاثر ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئی۔ سندھ حکومت اور ضلع انتظامیہ متاثرین کی مدد کرنے سے قاصر نظر آئی ہے۔ حالیہ مون سون بارشوں سے ضلع بدین کے پانچوں تحصل بدین‘ ٹنڈو باگو‘ گولاڑچی‘ ماتلی‘ تلہار سمیت 68 یونین کونسلز شدید متاثر ہوئیں۔
منچھر جھیل پر 2نئے کٹ پانی ، شہباز ائر پورٹ تک بد ین ، کی 80فیصد آبادی کا انخلاء
Sep 06, 2022