شمالی وزیرستا ن ، فا ئرنگ تبادلہ کمانڈر سمیت ، 4دہشت گرد ہلاک ، کپٹین ، 4اہلکار شہید 

Sep 06, 2022


 اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع بویا کے علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن عبدالولی (عمر 26 سال، رہائشی وانا/جنوبی وزیرستان)، نائب صوبیدار نواز (عمر 45 سال، ساکن ایبٹ آباد)، حوالدار غلام علی (عمر 34 سال، رہائشی سرگودھا)، لانس نائیک الیاس (عمر 33 سال، میانوالی کا رہائشی)  اور سپاہی ظفر اللہ (عمر 29 سال، ساکن میانوالی)  نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے سے دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں ایک اور کارروائی میں دہشتگرد کمانڈر کو مار ڈالا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا۔ دہشت گرد کمانڈر دہشت گردی کی کارروائیوں، دیسی ساختہ بموں کی تیاری اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہا۔ میر علی اور گردونواح میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

مزیدخبریں