متا ثرین کیلئے رقم 70ارب کر دی : شہباز شریف، بلاول کے سا تھ دورہ شہداد کوٹ 


قمبر شہدادکوٹ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ خبر نگار خصوصی) سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کا مشن، وزیراعظم نے سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ تھے۔ اس دوران وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی رقم 28 ارب سے بڑھا کر 70 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگ بے گھر ہوئے ہیں، عالمی برادری کی طرف سے امداد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ لیا ہے، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، سندھ حکومت متاثرین کی مدد کے لئے دن رات کام کر رہی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرین کی مدد کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی امداد کاسلسلہ بلوچستان سے شروع کیا، تمام متاثرہ علاقوں میں امداد کے لئے 28 ارب روپے مختص کئے گئے تھے لیکن سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لئے وفاقی حکومت نے یہ رقم 70 ارب روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، شفاف طریقے سے یہ امدادی رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے کپاس، چاول اور کھجور سمیت مختلف فصلوں کا بے تحاشہ نقصان ہوا ہے۔ سندھ سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ یو اے ای، قطر، ترکیہ، سعودی عرب، چین، امریکا، ایران سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بہت مدد کی ہے۔ ہر روز مختلف ممالک کے طیارے امدادی سامان لے کر اتر رہے ہیں۔ ترکیہ کی طرف سے امدادی سامان سے بھری 4 ٹرینیں روانہ کی گئی ہیں۔ پرنس کریم آغا خان کے صاحبزادے نے بھی 10 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ چین نے بھی امدادی رقم بڑھا دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے لئے افواج پاکستان بھر پور معاونت کررہی ہیں، اس مشکل گھڑی میں سیاست نہیں کرنی چاہیے سب کو مل کر متاثرین کے لئے کام کرنا ہو گا۔ شہباز شریف کو متاثرہ علاقے کے فضائی معائنے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے کے بعد شاہراہوں، پبلک ورکس اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے محنت اور لگن سے کام کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دورے کے دوران میری گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر مچھ عائشہ زہری اور این ایچ اے کے ان حکام اور محنت کشوں سے ملاقات ہوئی جو سیلابی ریلا گزرنے کے بعد شاہراہوں، پبلک ورکس اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سب قوم کے ہیرو ہیں اور مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے رکن کانگریس شیلا جیکسن لی کی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کانگرس وفد کا دورہ عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے‘ امداد متحرک کرنے میں مدد دے گا۔ شیلا جیکسن نے سیلاب متاثرین خصوصاً پیاروں سے محروم ہونے والوں کیلئے اظہار ہمدردی کیا۔ شیلا جیکسن نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ شیلا جیکسن نے کہا کہ پاکستانی قوم اس آفت سے ہمت اور عزم کے ساتھ نمٹے گی۔ امریکی کانگریس‘ انتظامیہ اس چیلنج کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ امریکہ متاثرین کی تکالیف کم کرنے‘ تعمیرنو میں مدد کیلئے امداد فراہم کرے گا۔ کانگرس کا 3 رکنی وفد 4 سے 6 ستمبر 2022 ء  تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں سیلاب سے کبھی اتنی تباہی نہیں ہوئی، جہاں تک نظر دیکھ سکتی ہے پاکستا ن میں پانی ہی پانی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیلابی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اداروں نے سیلاب سے نقصانات پر بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ یہ پہلا امریکی وفد ہے جس نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ شیلا جیکسن لی نے مزید کہا ہے کہ سیلاب سے 33 ملین پاکستانی متاثر ہوئے، خواتین بھی متاثرین میں شامل ہیں، پاکستانی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے پر عزم ہے، اس مشکل وقت میں امریکہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ بلاول بھٹو زرداری سے بھی رکن شیلا جیکسن لی کی قیادت میں امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایک ایسے وقت پر وفد کے دورہ پاکستان کو سراہا جب ملک میں تباہ کن سیلاب سے تباہی مچی ہے۔ وزیراعظم محمد  شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر مسٹر نونگ رونگ نے  اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے تعزیت اور ہمدردی کے پیغامات اور  سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے فوری  امداد  پر شکریہ ادا کیا۔ چین نے  نا  صرف سیلاب کے حوالے سے امداد کو 400 ملین RMB تک بڑھا دیا ہے بلکہ سیلاب متاثرین کے لیے 25000  خیمے بھی مہیا کیے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...