اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) معروف امریکی چینل فاکس نیوز نے امریکی فلاحی اداروں اور شہری تنظمیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کریں۔ اپیل معروف اینکر ٹام فٹس جیرلڈ کی جانب سے اپنے پروگرام "آن دی ہل" میں پاکستانی سفیر مسعود خان کے لائیو انٹرویو کے دوران کی گئی۔ ٹام فٹس جیرلڈ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ، تقریبا 1300 افراد جانبحق جبکہ ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے میزبان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی تباہ کن سیلاب آتے رہے ہیں لیکن پاکستان میں جو تباہی ہوئی ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب کی تباہ کاریوں کی شدت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ ماضی میں آنے والی قدرتی آفات کے بعد پاکستان میں ایک نظام تشکیل دیا گیا تھا لیکن حالیہ تباہی کا پیمانہ اس قدر بڑا ہے کہ موجود نظام اس کے لئے ناکافی تھا۔ سیلاب زدگان کے لئے فوری امدد کی ضروریات کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادی سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں فوری معاونت کے خواہاں ہیں۔ خوراک، پناہ گاہ اور ادویات کی فوری ضرورت ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ ہمیں انسانی جانیں بچانا ہیں لہذا ہر وہ چیز جو انسانی جان بچا سکے، پناہ گاہ فراہم کر سکے اور بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کر سکے اس کی اشد اور فوری ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت اور امریکی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے 30 ملین ڈالر کی امداد دی اور اس مشکل وقت پر پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کیا۔فلاحی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ تباہی کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ ہمیں ملک کے اندر بھی اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا اور بین الاقوامی برادری کو بھی زیادہ مدد کرنی ہوگی۔