پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ،تخفیف اسلحہ بارے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ:حنا ربانی کھر


اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ایٹمی ہتھیاروں کی حامل ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر جوہری عدم پھیلاو اور تخفیف اسلحہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق  بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے حوالے سے عالمی خدشات سے متفق ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے ملک کے طور پر نمایاں ہے جس کے پاس حساس ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا غلط استعمال روکنے کے لئے ان کی منتقلی کی موثر نگرانی کے حوالے سے وسیع قوانین اور انتظامی لائحہ عمل موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ اس کے تجربے، صلاحیتوں اور تعاون سے نیو کلیئر سپلائرز گروپ کے ایٹمی عدم پھیلاو کے مقاصد کے حصول میں مزید مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیو کلیئرز سپلائرز گروپ کو ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ملکوں کی بلا امتیاز رکنیت کے لئے ایک طریقہ کار پر متفق ہونا چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایٹمی توانائی کے پر امن استعمال کی غرض سے اس کی مکمل صلاحیت سے استفادہ کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام رکھتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن