لاہور (نیوزرپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے گزشتہ روزکو رات 2 بجے دادو،خضدار ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام مکمل کر لیا۔ ٹرانسمیشن لائن کو انرجائز کر کے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ جس سے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی۔ این ٹی ڈی سی کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور سیکرٹری پاور ڈویڑن کی ہدایات پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان اور ان کی ٹیم مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے کام کی نگرانی کیلئے سائٹ پر موجود رہے جو کہ ایک دشوار گزار علاقے میں واقع ہے۔ مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا تاہم زمینی راستے، بھاری مشینری، مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ سیلابی پانی سے گزرنا اور مسلسل لینڈ سلائیڈنگ جیسے متعدد مسائل کے باوجود اس مشکل ٹاسک کو مکمل کیا گیا۔این ٹی ڈی سی کے ترجمان نے مزید کہا کہ سبی کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے کی بحالی کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سیلاب نے این ٹی ڈی سی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
دادو،خضدار ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام مکمل کر لیا،کئی علاقوں میں بجلی بحال
Sep 06, 2022