لاہو ر(کامرس رپورٹر )چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل کی ڈائریکٹر جنرل ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک سوپی ٹیراوانتھورن کی قیادت میں 4 رکنی وفد سے پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں ملاقات ہوئی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین نے پنجاب میں اے آئی آئی بی کے 2 منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ اور پنجاب پراونشل ہائی وے پراجیکٹ شامل ہیں۔ چیئرمین نے حکومت کی ترقیاتی ترجیحات اور اقدامات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا اور ان اہداف کو حاصل کرنے میں بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کے ذریعے AIIB کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اجلاس کے دوران سینئر انویسٹمنٹ آپریشنز سپیشلسٹ AIIB غفران شفیع نے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ کو لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ اور IVS رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے درکار کلیدی اقدامات اور اراضی اور متعلقہ معاوضے کیلئے اضافی بجٹ کی دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پنجاب سسٹین ایبل ہائی وے پراجیکٹ کے بارے میں مزید بتایا کہ یہ کس طرح صوبہ پنجاب میں مسافروں، روڈ استعمال کرنے والوں اور دیہی اقتصادی ترقی میں سہولتوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔اے آئی آئی بی کی ڈائریکٹر جنرل سوپی ٹیراوانتھورن نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب میں انفراسٹرکچر کے ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے موجودہ مون سون سیلاب کے بارے میں مزید کہا جس نے پنجاب سمیت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ AIIB اس وقت صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور حکومت پاکستان کی فوری امداد اور آفات کے بعد کی تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کیلئے معلومات اکٹھا کر رہا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈعمرانہ توقیر، اسسٹنٹ چیف یو ڈی اینڈ ای سی اے، پی اینڈ ڈی بورڈ اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
سوپی ٹیراوانتھورن کی قیادت میں 4 رکنی وفد کی عبد اللہ خان سنبل سے ملاقات
Sep 06, 2022