سید خورشید شاہ کی اے این پی کے سنیئر رہنما غلام احمد بلور سے ملاقات 

Sep 06, 2022


اسلام آباد( خبرنگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے اے این پی کے سنیئر رہنما غلام احمد بلور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی اور سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کی سیٹوں پر ضمنی الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا اور سیاسی کارکنوں کے بھرپور اور متحرک کردار کیلئے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کارکن ہر پارٹی کا اثاثہ ہیں اور سیاستدان چاہے حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں اس کی سیاست سیاسی کارکنوں کی مرہون منت ہے۔ خورشید شاہ نے توقع ظاہر کی کہ سیلاب کی صورت حال بہتر ہوتے ہی بلاول بھٹو زرداری پشاور کا دورہ کریں گے اور اس دورے میں پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے اور ہمیشہ کی طرح صحت مند اور مثبت سیاست کو فروغ دیں گے۔
غلام بلورملاقات

مزیدخبریں