جموں،سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں داد پیٹھ کے مقام پر مدرسہ مدینة العلوم سے وابستہ ایک عالم دین کو گرفتار کر لیا۔عالم دین کی شناخت عبدالواحد کے نام سے ہوئی ہے جو تحصیل ڈول کے علاقے چیرجی کے رہائشی ہیں ۔ وہ مدرسے سے ملحقہ مکان میں اپنی اہلیہ اور ایک بیٹے کے ساتھ مقیم تھے۔ انہیں واٹس ایپ اور فیس بک اکاﺅنٹس میں مذہبی مواد اپ لوڈ کرنے کے مضحکہ خیز الزام پر گرفتار کیا گیا ہے،علاوہ ازیں سوپور میں بھاتی سیکورٹی فورسز نے باغ سے سٹکی بم برآمد کرکے ضبط کئے۔سوپور میں پہلی دفعہ سٹکی بم برآمد کئے گئے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔ دریں اثناءبھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ضلع شوپیاں کے علاقے نارپورہ سے پراسرار حالت میں گولیوں سے چھلنی ایک نعش برآمد کی ہے۔پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر جاری ایک بیان میں کہا کہ منظور احمد نینگرو کی نعش شوپیاں کے ایک باغ میں پراسرار حالت میں ملی جس پر گولیوں کے زخم موجود ہیں۔
کشمیر
بھارتی فوج نے عالم دین عبدالواحد مذہبی مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا
Sep 06, 2022