الائیڈ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ130مردو خواتین زیر علاج ،ڈینگی مچھر کیلئے موسم سازگار ،شہری احتیاط برتیں ، ڈپٹی کمشنر 

Sep 06, 2022


راولپنڈی (محبوب صابر سے) بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے پرڈینگی وائرس سے متعلق راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ، انسداد ڈینگی مہم کے دوران ایس او پیز اور صحت و صفائی کے مروجہ قوانین کی خلاف ورزی پر محکمہ صحت کی جانب سے مجموعی طور پر1555مقدمات درج کروائے گئے ،ڈینگی لاروا کی برآمدگی پر 446 عمارتوں کو سربمہر (سیل ) کیا گیا جبکہ 1487افراد کے چالان کر کے مجموعی طور پر38لاکھ91ہزار100روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 6446افراد کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے، چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر انصر اسحاق کی ہدائیت پر ڈسٹرکٹ انسپکٹر شاہد محمود کی سربراہی میں انسداد ڈینگی ٹیموں نے مختلف تجارتی مراکز میں ناقص صفائی اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائیاں کیں ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ130مردو خواتین زیر علاج ہیں جن میں بے نظیر بھٹو ہسپتال میں34،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں45اور ہولی فیملی ہسپتال میں 51متاثرہ افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 100افراد کا تعلق راولپنڈی جبکہ 30افراد کا تعلق اٹک ، ہری پور ، اسلام آباد اور جہلم سے ہے، ڈسٹرکٹ انسپکٹر شاہد محمودنے کہا کہ زیر تعمیر عمارتوں میں کھلے پانی کے ٹینک ،بگیر ڈھکن پانی کی ٹنکیاں ،دکانوں ، ہوٹلوں اور ریستورانوں میں ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی ڈینگی مچھر کی افزائش کے بڑے اسباب ہیں ، ضلعی انتظامیہ نے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے پرڈینگی وائرس سے متعلق راولپنڈی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، قائم مقام کمشنر و ڈپٹی کمشنرراولپنڈی طاہر فاروق نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے اپیل کی ہے ڈینگی مچھر کیلئے موسم سازگار ہے لہٰذاشہری احتیاط برتیں اورڈینگی ایس او پیز پر عمل کریں۔

مزیدخبریں