جنگ میں فتح کے57برس مکمل، یومِ دفاع و شہداء آج سادگی سے منایا جارہا ہے

Sep 06, 2022 | 11:00

ویب ڈیسک

اسلام آباد: 1965ء کی ہمسایہ ملک کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں  فتح کے 57 برس مکمل ہو گئے، ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء آج سادگی سے منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور جانی و مالی نقصان پر یومِ دفاع و شہداء سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 1965 کی جنگ میں ہمسایہ ملک نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کردیا تھا تاہم پاک فوج کے جوان اپنی نظریں دشمن کی ہر حرکت پر مسلسل رکھ رہے تھے۔ رواں برس یومِ دفاع کی مناسبت سے آرمی ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی مرکزی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔ ہر سال 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء منانے کا مقصد میجر راجہ عزیز بھٹی سمیت 1965 کی جنگ کے قومی ہیروز اور پاک فوج کے شہداء کو یاد کرنا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
جنگِ ستمبر 1965 میں پاک فوج نے دشمن کے چھکے چھڑا دئیے۔ پاک فوج کے جوانوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کیلئے عوام نے بھی کمر کس لی۔ جنگ 1965 کو پاک فوج کے ساتھ ساتھ عوام کے بھی ملی جوش و جذبے، عزم و ہمت اور دشمن کو سبق سکھانے کیلئے مختلف حب الوطنی پر مبنی کاوشوں کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درجنوں اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے۔ یومِ دفاع کو سادگی سے منانے کا مقصد اپنے گھر بار اور پیاروں سے بچھڑے ہوئے سیلاب زدگان سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ 

مزیدخبریں