اگر قوم  مذموم عناصر کے خلاف متحد ہوجائے تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی:وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج یومِ دفاع کے موقعے پر قوم 6 ستمبر 1965 کے جوش و جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھے۔ اگر قوم  مذموم عناصر کے خلاف متحد ہوجائے تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق یومِ دفاع کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر قوم کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 57سال قبل بہادر فوج نے ثابت کیا کہ وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی ہیروز سخت موسم کے دوران ملکی سرحدوں کو اندرونی وبیرونی خطرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔ مسلح افواج نے دہشت گردی کو شکست دے کر 1965 کے قابلِ فخر ورثے کو فروغ دیا۔ انہوں نے آپریشن رد الفساد کی کامیابی پر عسکری قیادت کو مبارکباد بھی دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے حالیہ سیلاب کے دوران ہزاروں شہریوں کی جانیں بچائیں۔ پاک فوج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود ہم اپنے دفاع کو مضبوط کرنے میں غفلت نہیں برت سکتے۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کی 2 ایٹمی طاقتوں کے مابین مسئلۂ کشمیر فلیش پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا خطے کے امن و ترقی کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منارہا ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کیے موقعے پر دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کو پیغام دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم 6 ستمبر کا جوش و جذبہ اپنے دلوں میں زندہ رکھے اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے۔ اگر آزادی کے تحفظ کیلئے مذموم عناصر کو شکست دی جائے تو ہر سازش ناکام ہوگی۔ 

ای پیپر دی نیشن