اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہداء غیر متزلزل عزم اور جذبۂ حب الوطنی کی علامت ہے جبکہ پاکستان پر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء منایا جارہا ہے۔ اس موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کیلئے پر عزم ہے، امن کی خواہش کمزوری ہر گز نہ سمجھی جائے۔پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی قومی و بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ مسلح افواج ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ یومِ دفاع اس بے مثال جرأت و بہادری کی یادگار ہے جس کا مظاہرہ پاک فوج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم بنا کر کیا۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے آزمائش کی گھڑی میں بری و بحری اور فضائی جنگ نڈر ہو کر لڑی۔ قوم کے شہری بھی مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے۔ 6 ستمبر غیر متزلزل عزم و ہمت، حب الوطنی اور عظیم قربانی کی یادگار ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء اور اپنے پیاروں کی قربانی دینے والے شہداء کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ ستمبر 1965 میں بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔
جنگ 1965 میں میجر راجہ عزیز بھٹی سمیت وطن کے عظیم سپوتوں نے دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے مادرِ وطن پر اپنی جانیں نچھاور کردیں لیکن وطن کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ محب الوطن شہریوں نے بھی فوج کا ساتھ دینے کیلئے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ لیں۔
یومِ دفاع و شہداء غیر متزلزل عزم اور جذبۂ حب الوطنی کی علامت ہے:صدرِ مملکت
Sep 06, 2022 | 11:40