مقبوضہ کشمیر میں نوجوان، شہید، یوم دفاع پاکستان پر جنرل عاصم کی تصاویر والے پوسٹرز

سری نگر (کے پی آئی+ آئی این پی)   بھارتی فوج نے ضلع ریاسی میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ فوج نے نوجوان کو ضلع کے علاقے تلی مہور میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ریاسی کے چسانہ گائوں میں منگل کو بھی  فوجی کارروائی جاری رہی۔ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے یوم دفاع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر  اور پاکستان کی دیگر فوجی قیادت کی تصاویر کے پوسٹر چسپاں کر دئیے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج 6 ستمبر کو پاکستان کا یوم دفاع منایا جائے گا۔ اس موقع پر سرینگر کے مختلف علاقوں میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کر دئیے گئے۔ پوسٹرز پر لکھا گیا ہے کہ  وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔ جبکہ بھارتی تحقیقاتی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے چار کشمیری نوجوانوں کے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے  ہوئے  پولیس کو 10 اکتوبر سے قبل گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اویس فیروز میر، گوہر منظور وانی، مبشر احمد ڈار، اور فیروز احمد گنائی کے خلاف عسکریت پسندی اور بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے  کے الزام کے تحت  یو اے پی اے کے تحت ضلع پلوامہ  کے مختلف پولیس تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک کشمیری نوجوان کی غیر قانونی قید کے حکم کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ بشیر احمد ٹاک نے جسٹس سنجے دھر کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے بنچ کے سامنے ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے گلشن پورہ کے رہائشی نوجوان ثاقب اکبر وازہ کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف دلائل دئیے۔ 

ای پیپر دی نیشن