اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد کرایا جائے تاکہ جمہوری حکومت عوام کے مسائل کا حل نکالے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر، سابق وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حیسن شاہ اور پی پی پی شعبہ خواتین سندھ کی صدر شگفتہ جمانی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، عوامی مسائل اور تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات کے لیے تیار ہے اور اس میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔ انہوں نے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پورے ملک میں جیالے متحرک ہوجائیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی اور ذیلی تنظیمیں اپنا متحرک اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں اور عام انتخابات میں کامیابی کے لیے کارکن گھر گھر پہنچیں۔ انہوں نے کہا جمہوری نظام میں خواتین کی متحرک شمولیت کے بغیر انتخابات میں بہتر نتائج لانا آسان نہیں۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بند ہونا انسانی حقوق کے منافی ہو گا۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے بتایا نگران حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے مختص فنڈز بھی منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کے فنڈز بھی روک دیئے ہیں۔ مراد علی شاہ کی بریفنگ پر پی پی چیئرمین نے کہا کہ بدترین مہنگائی میں عام آدمی کے مسائل کا حل نکالنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔
الیکشن آئین کے مطابق کرائے جائیں، جیالے متحرک ہوں : بلاول
Sep 06, 2023